ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد اس پارٹی کے قائدین پر منحصر،سیکولرزم کی بقاکے لئے دونوں پارٹیوں کو متحد رہنا چاہئے: کمار سوامی

لوک سبھا میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد اس پارٹی کے قائدین پر منحصر،سیکولرزم کی بقاکے لئے دونوں پارٹیوں کو متحد رہنا چاہئے: کمار سوامی

Wed, 25 Jul 2018 13:25:53    S.O. News Service

بنگلورو،25؍جولائی(ایس او نیوز) وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آنے والے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس جنتادل (ایس) مفاہمت کے لئے اپنی پارٹی کی آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کانگریس قائدین کا اس اتحاد کے تئیں رویہ اتحاد کے آگے بڑھنے کا ضامن ہوگا۔

اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں عوام کے ٹوٹے فرمان اور معلق اسمبلی کے قیام کے بعد کانگریس اور جنتادل (ایس) کے درمیان جو مفاہمت قائم ہوئی ہے اسے آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بھی برقرار رکھا جانا چاہئے۔ لوک سبھا انتخابات اگر دونوں پارٹیوں نے مل کر لڑے تو زیادہ سیٹوں پر کامیابی یقینی ہے، لیکن اس سلسلے میں کانگریس پارٹی کے قائدین کا رویہ کیا ہوگا، اتحاد کا انحصار اسی پر ہوگا، جہاں تک جنتادل (ایس) کا تعلق ہے پارٹی کے سبھی قائدوں کی یہی خواہش ہے کہ یہ اتحاد آگے بڑھے۔ انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس جنتادل (ایس) مفاہمت پر بعض کانگریس لیڈروں کی طرف سے مخالفت میں دئے جارہے بیانات کی وجہ سے انہیں ایسا بیان دینا پڑ رہاہے۔ کانگریس قائدین اگر چاہیں تو جنتادل (ایس) اس اتحاد کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں جنتادل (ایس) کے ساتھ مفاہمت پر سابق وزیراعلیٰ سدرامیا نے ابھی اتفاق ظاہر نہیں کیا ہے۔ اپنے اقرباء سے بات چیت کے دوران بھی انہوں نے یہی تاثر دیا ہے کہ وہ اس اتحاد کے حق میں نہیں ہیں۔ کانگریس اعلیٰ کمان سے بھی سدرامیا نے یہی کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد نہ کیا جائے، اس کے باوجود بھی کانگریس اعلیٰ کمان کو باور کرایا گیا ہے کہ سیکولرزم کے مفاد میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ لوک سبھاانتخابات میں جنتادل (ایس) سے مفاہمت کو بعض لیڈروں نے کانگریس کے لئے نقصان دہ قرار دیا ہے، اگر ایسی بات ہے تو جنتادل (ایس) بھی اپنے طور پر فیصلہ لے سکتی ہے، لیکن سیکولرزم کی بقا کی خاطر جنتادل (ایس) قیادت چاہتی ہے کہ ریاست میں دونوں پارٹیوں کا اتحاد برقراررہے۔

انہوں نے کہاکہ لوک سبھاانتخابات میں کانگریس جنتادل (ایس) اتحاد اسی شرط پر آگے بڑھ سکتا ہے جب کانگریس لیڈراپنے اعتراضات کو اپنی حد تک رکھیں اور اسے بحث کا موضوع نہ بننے دیں۔ جنتادل(ایس) سے مفاہمت کے نتیجے میں کانگریس کو جہاں ریاست کے اقتدار میں حصے داری ملی ، اس اتحاد کو برقرار رکھنے سے ممکن ہے کہ آنے والے انتخابات میں کانگریس کو مرکز کے اقتدار تک پہنچنے کا راستہ آسان ہو۔

بیشتر کانگریس لیڈروں کو اس بات کا اعتراف ہے کہ ریاست میں کانگریس کو اپنی پوزیشن مستحکم کرنی ہے تو اسے لوک سبھاانتخابات میں جے ڈی ایس سے مفاہمت کرنی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیٹوں کی تقسیم کے معاملے میں کانگریس اور جنتادل (ایس) کے مابین ابھی مفاہمت نہیں ہوئی ہے۔ قدیم میسور علاقوں کے ان حلقوں کو جہاں جنتادل (ایس) کاغلبہ ہے کانگریس نے ابھی خالی کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے، ان تمام امور کو قطعیت دینے کے بعد ہی اتحاد کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ مخلوط حکومت کے متعلق دو سینئر کانگریس لیڈر کے بی کولیواڈ اور کے این راجنا کے بیانات پر اعتراض کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سلسلے میں کانگریس نے مناسب نوٹس دونوں کے خلاف جاری کی ہے اس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں۔


Share: